بلوچ تہذیب ہماری قومی تاریخ اور شجاعت کی عکاس،میئر
سندھ کی سرزمین صدیوں سے بلوچ ثقافتی ورثے اور روایات کی امین ہےبلوچ قوم کی جرات اور مہمان نوازی ملک کا فخر،مرتضیٰ وہاب کا پیغام
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بلوچ کلچرل ڈے کے موقع پر بلوچ برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ تہذیب ہماری قومی تاریخ، شجاعت اور روایتی وقار کی عکاس ہے ، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ کی سرزمین صدیوں سے بلوچ ثقافتی ورثے اور روایات کی امین رہی ہے ۔میئرنے کہا کہ بلوچ نوجوان اپنی ثقافت کو زندہ رکھ کر نئی نسل کو اپنی تاریخی جڑوں سے جوڑ رہے ہیں جو قابلِ تحسین عمل ہے ،پاکستان کی اصل خوبصورتی اس کے ثقافتی تنوع اور رنگا رنگی میں پوشیدہ ہے اور یہی تنوع قومی یکجہتی کو مضبوط بناتا ہے ۔مرتضی وہاب نے کہا کہ بلوچ کلچرل ڈے باہمی محبت، بھائی چارے اور اتحاد کا عملی پیغام دیتا ہے ،سندھ حکومت بلوچ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرپرستی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ روایتی اقدار کو محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم کی جرت، رواداری اور مہمان نوازی پورے ملک کیلئے باعثِ فخر ہے اور ایسی تقریبات قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔علاوہ ازیں ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ بلوچ کلچرل ڈے ہماری روایتی عظمت اور قومی وقار کی یاد تازہ کرتا ہے ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں آباد بلوچ برادری شہر کی سماجی اور ثقافتی خوبصورتی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی روایات اس شہر کی پہچان کا اہم حصہ ہیں۔ڈپٹی میئرنے کہا کہ بلوچ ثقافت محبت، مہمان نوازی اور بہادری کی جیتی جاگتی مثال ہے ۔