پٹرولیم مصنوعات مہنگی، ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ
گڈز ٹرانسپورٹرز نے مختلف روٹس پر پانچ ہزارروپے تک کرائے بڑھا دئیے
ملتان (لیڈی رپورٹر)پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لٹر 8 روپے تک اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے فی کلومیٹر لاگت بڑھ گئی ہے جس کے باعث کرایوں میں رد و بدل ناگزیر ہو گیا۔گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مختلف روٹس پر 2 ہزار سے 5 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا ہے ۔ ملتان سے ڈی جی خان کا کرایہ 15 ہزار سے بڑھا کر 17 ہزار روپے کر دیا گیا ہے ، جبکہ ملتان سے لاہور کا کرایہ 35 ہزار سے بڑھا کر 38 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ اسی طرح ملتان سے حیدرآباد کا کرایہ 45 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دیا گیا ہے ۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ گاڑیاں پٹرول اور ڈیزل پر چلتی ہیں، ایندھن مہنگا ہونے پر کرایہ بڑھانا مجبوری بن جاتا ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہوئیں تو ٹرانسپورٹ سیکٹر پر دباؤ بڑھے گا۔دوسری جانب تاجروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ گڈز کرایوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں جس کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑے گا۔