انتظامیہ کی 211 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی ، دکان سر بمہر
ایک ہزار 66 مقامات پر قیمتیں چیک کی گئیں ،مجموعی طور پر14 لاکھ 54 ہزار 500 روپے جرمانہ عائدکیا گیا سرکاری نرخ سختی سے نافذ کریں ،گراں فروشوں کے خلاف کوئی رعایت نہ کی جائے ،کمشنر کراچی کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر )کراچی انتظامیہ کی گراں فروشوں کے خلا ف مہم جاری ہے ۔پیر کو کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں گراں فروشی کے خلاف روزانہ جائزہ لینے والے اجلاس کی صدارت کی ۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ گراں فروشوں کے خلاف کوئی رعایت نہ کریں ۔ سرکاری نرخ سختی سے نافذ کریں یقینی بنائیں کہ شہریوں کو ماہ رمضان میں اشیا خورونوش میں ریلیف فراہم کرنے کی حکومت کی کوششیں بارآور ہوں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ ،ایڈیشنل کمشنر ٹو اسداللہ کھوسو، ڈپٹی کمشنر کیماڑی امیر فضل کھوسو، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز رابعہ سید، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سجاد ابڑو اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل وقاص عباسی نے شرکت کی ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنر ز اپنے اپنے ضلع اور سب ڈویژن میں مہم کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا جبکہ کمشنر کراچی آفس کے سینئر افسران پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیم نے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے شکایتی مراکز سپر اسٹورز پر کمشنر رمضان کا ؤنٹرز کے دورہ کی رپورٹ پیش کی۔ کمشنر آفس نے پیر کو کی گئی گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق بارہویں رمضان کو 211 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی مجموعی طور پر گراں فروشوں پر 14 لاکھ 54 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایک گراں فروش کی دکان سیل کی گئی۔ ایک ہزار 66 مقامات پر قیمتیں چیک کی گئیں جبکہ 225 مقامات پر سرکاری نرخوں پر ان اسپاٹ آکشن کیا گیا۔ دریں اثنا کمشنر کراچی آفس نے اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے سرکاری نرخوں پر آکشن کی گئیں اشیاء خورونوش کی مالیت اور اوزان کی دسویں رمضان کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق 12ویں رمضان کو 225 مقامات پر 5 لاکھ 70ہزار 416روپے قیمت کی 2796 کلو اشیا فروخت کی گئیں ۔جن میں 3 لاکھ 56 ہزار 350روپے کے 1777 کلو فروٹس، 24 ہزار 491روپے قیمت کی 655کلو سبزیاں ، ایک لاکھ 57، ہزار 435روپے قیمت کا 170 کلو گرام گوشت اور پولٹری اور 32 ہزار140 روپے قیمت کی 194 کلو گروسری کی نیلامی کی گئی۔