جھنگ :ریونیو عوامی خدمت سروسز، شہری شکایات کا فوری ازالہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن \\\"عوامی خدمت، شفافیت اور فوری ریلیف\\\" کے تحت ضلع جھنگ میں ریونیو عوامی خدمت سروسز جاری ہیں،
جس کا مقصد شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ اور ریونیو امور میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے پہلے روز شہریوں کی درخواستوں کی خود سماعت کی اور موقع پر متعلقہ افسروں کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سائلین کو عزت، سہولت اور تیز رفتار انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے خدمات کی فراہمی کے معیار اور مسائل کے حل سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ فردِ ملکیت، انتقالات، تقسیم اراضی، درستگی ریکارڈ اور دیگر ریونیو امور کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر نمٹانا حکومت کی واضح پالیسی ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسروں کو ہدایت دی کہ زیر التوا درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور ہر کیس کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے ۔