معیاری تحقیقی مقالے اداروں کی عالمی ساکھ مضبوط بناتے :سیمینار
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹینشن، ایجوکیشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بابر شہباز نے کہا ہے کہ۔۔۔
مضبوط تحقیقی مقالہ نہ صرف علمی سنجیدگی اور معیار کی عکاسی کرتا ہے بلکہ عالمی تعلیمی درجہ بندی اور ادارے کی ساکھ کو بھی مستحکم بناتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو روزہ بین الاقوامی سیمینار برائے تحقیقی مقالہ جات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی مقالوں کا معیار کسی بھی تعلیمی ادارے کی شناخت، اثر پذیری اور نمایاں حیثیت کا تعین کرتا ہے ۔ محققین کو وضاحت، جدت، اخلاقی تقاضوں اور مضبوط تحقیقی طریقہ کار پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ ایسے مؤثر مقالے تیار کیے جا سکیں جو عملی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیخ فرحان اشرف نے مقالہ جمع کرانے اور پیئر ریویو کے عمل میں پیش آنے والی عام غلطیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے منظم خلاصہ، دلائل کے منطقی تسلسل اور درست حوالہ جات کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر سائرہ اختر، ڈاکٹر اعجاز اشرف، ڈاکٹر ثمینہ طاہرہ، ڈاکٹر عائشہ کرن، سعدیہ اسلم اور لیکچرار جہانزیب طارق نے بھی خطاب کیا اور تحقیقی معیار کی بہتری کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔