شادی ہالز کو تین روز میں اپنی متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت
کمرشلائزیشن کے چالان جمع نہ کرانے والے شادی ہالز کو سیل کر دیا جائے گا، ایس بی سی اے
کراچی (این این آئی) ترجمانسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نے میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کا بھی نوٹس لیا ہے اور شہر بھر میں قائم تمام شادی ہالوں کو تین روز کے اندر اپنے متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت ہے ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت میں دستاویزات جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ شادی ہالوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت شادی ہالوں کو صرف کمرشل مقاصد کے لیے مشروط اجازت دی گئی تھی۔
تاہم متعدد شادی ہالوں کی جانب سے کمرشلائزیشن کے چالان کے ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں میں جمع نہیں کرائے گئے ۔ ترجمان کے مطابق جن شادی ہال مالکان نے کمرشلائزیشن کے چالان جمع نہیں کرائے ، انہیں سیل کر دیا جائے گا، جبکہ جن شادی ہالوں کے پاس چالان اور منظوری سے متعلق ضروری دستاویزات موجود نہیں ہوں گی، ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں مسمار کر دیا جائے گا۔ترجمان ایس بی سی اے نے واضح کیا کہ تین دن کی مہلت ختم ہونے کے بعد کسی بھی قسم کی کمی، خلاف ورزی یا تاخیر پر بلا تاخیر ایکشن لیا جائے گا۔