نوجوان کامیابی کیلئے قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کریں ،حذیفہ رحمان
قائدِاعظم قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار اور دیانت داری کے علمبردار تھے ،خطاب
اسلام آباد ( اپنے رپورٹرسے ) نوجوان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی کو بامقصد بنائیں اور عملی میدان میں کامیابی حاصل کریں۔ قائدِاعظم قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار اور دیانت داری کے علمبردار تھے اور انہی اصولوں پر عمل کر کے ایک ترقی یافتہ اور مستحکم پاکستان کی تشکیل ممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیرِ مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان نے نظریۂ پاکستان کونسل کے زیرِ اہتمام بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر قومی سیمینار \" قائدِاعظم اور جدید قومی شعور\" میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج کی نوجوان نسل قومی ہیروز اور ان کے وژن سے دور ہوتی جا رہی ہے جبکہ معاشرے میں برداشت، رواداری اور باہمی احترام جیسی اقدار کمزور پڑتی جا رہی ہیں، جن کے فروغ کے لیے قائدِاعظمؒ کی تعلیمات سے رہنمائی لینا ناگزیر ہے ۔ اس موقع پر وزیرِ مملکت نے تحریکِ پاکستان اور قائدِاعظمؒ کی حیات و خدمات سے متعلق پینٹنگز کی نمائش اور کتاب میلے کا افتتاح بھی کیا ۔