قائداعظم کی زندگی استقامت کا روشن مینار ،ڈاکٹر قمرالزمان
نوجوان نسل کو علم، کردار اور پائیدار ترقی کیلئے مضبوط احساسِ ذمہ داری سے آراستہ کرینگے
راولپنڈی (اے پی پی) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت، غیر متزلزل عزم اور اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی دیانت، استقامت اور دوراندیش قیادت کا روشن مینار ہے ۔ ایک تعلیمی ادارے کے طور پر ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے افکار کو عملی صورت دیں، جس کے لیے معیاری تعلیم کے فروغ، تحقیقی برتری اور قومی خدمت کو یقینی بنایا جائے ۔ اس تاریخی دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ نوجوان نسل کو علم، کردار اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے مضبوط احساسِ ذمہ داری سے آراستہ کریں گے ۔