چیئرمین سی ڈی اے کا شاہین چوک انڈر پاس ،خدمت مرکز کا دورہ
انڈر پاس کا 93 فیصد کام مکمل ہوچکا ، مرکز کی فنشنگ،تزئین و آرائش جاری کام کی رفتار تیز کی جائے ،معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ،چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا، جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ اور مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ متعلقہ افسران نے منصوبے پر ہونے والی ابتک کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا ترقیاتی کام کامیابی کیساتھ مقررہ مدت سے قبل اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے ۔ مجموعی طور پر منصوبے کا 93 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ منصوبے کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس نصب کی جارہی ہیں۔چیئرمین نے منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت اور اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو نہ صرف قبل از وقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے بلکہ ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار پر بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا ،ادھر چیئرمین کیپیٹل سی ڈی اے نے زیر تعمیر آسان خدمت مرکز منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا۔چیئرمین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے میں شامل مرکزی عمارت سے متعلقہ تعمیراتی کام پایہ تکمیل تک پہنچ گئے ہیں اور فنشنگ اور تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری ہے ۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ آسان خدمت مرکز منصوبے کی تکمیل میں کوالٹی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔