شہری غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں ،آرڈی اے
نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کے متاثرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ،ڈی جی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر) آر ڈی اے کے کانفرنس روم میں خصوصی اجلاس ہوا جس کی صدارت ڈی جی نے کی۔ یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم اور پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سکیم کے متاثرین کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمز/کمیٹیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، ڈی جی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین کے تمام بقایا مسائل فوری اور مؤثر انداز میں حل کیے جائیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ، نور الامین منگل کی ہدایات کے مطابق، پلاٹ الاٹمنٹ، پلاٹس کی پوزیشن، قبضہ، ترقیاتی کام اور دیگر متعلقہ امور ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد حل کیے جائیں گے ۔ انہوں نے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ، سٹیٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بلا خوف و خطر اور ذمہ دارانہ انداز میں کام کریں اور غیر قانونی عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی جاری رکھی جائے ۔ انہوں نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔