جرمانہ کرنے پر ٹریفک وارڈن کاسی ٹی او کو قانونی نوٹس
روزانہ15چالان کاہدف دینے پرغیرقانونی دبائو،ذہنی اذیت کاسامناکیا،احسن شاہ غفلت ثابت کیے بغیر جرمانہ کرنا نا انصافی ، 7یوم میں جواب دیاجائے ،موقف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی میں چیف ٹریفک آفیسر کی جانب سے کی گئی محکمانہ کارروائی کے خلاف ٹریفک وارڈن احسن شاہ نے افسران کو قانونی نوٹس ارسال کر دیا ۔ ٹریفک وارڈن احسن شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر 15 چالان کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے جس کے باعث انہیں غیر قانونی دباؤ اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، اعلیٰ افسران روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی چالان کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ بدانتظامی، غفلت یا ڈیوٹی کی خلاف ورزی ثابت کیے بغیر ہی جرمانہ عائد کیا گیا جو انصاف کے بنیادی اصولوں کے منافی ، اختیارات کے ناجائز استعمال اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 4 اور 14 کی صریحا ً خلاف ورزی ہے ۔ افسران 7 دن کے اندر قانونی نوٹس کا جواب دیں، ذرائع کے مطابق یہ قانونی نوٹس چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی، انسپکٹر ناصر جدون، انچارج چالان برانچ سمیت دیگر متعلقہ افسران کو بھیجا گیا ہے ۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ٹریفک وارڈن کو چالان کا کوئی ٹارگٹ دیا گیا اور نہ ہی غیر ضروری چالان کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔