ایکس سروس مین سوسائٹی کی کور کمانڈر کانفرنس فیصلوں کی حمایت
تمام فیصلے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ، فیلڈ مارشل کا امن مشن قابل تعریف، عزیز احمد
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے کور کمانڈر کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پالیسیوں و اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں کیے جانے والے تمام فیصلے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہیں۔یہ بات پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر و میڈیا کوآرڈینیٹر عزیز احمد نے ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کور کمانڈر کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے اور تنظیم اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس وقت جو فیصلے کر رہے ہیں، وہ قومی سلامتی، استحکام اور ملکی مفادات کے تقاضوں کے عین مطابق ہیں۔ دنیا اس وقت مختلف تنازعات اور جنگی کیفیت سے گزر رہی ہے ، ایسے میں پاکستان کے فیلڈ مارشل کا امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے لیے کردار قابلِ تحسین ہے۔