پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 10 ہزار کلو مضر صحت سامان تلف
نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں واقع گھر پر چھاپہ ،امپورٹڈ برانڈز کی ایکسپائرڈ اشیاء برآمد
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے زائد المیعادامپورٹڈ اشیائے خوردونوش کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10ہزار کلو سے زائد مضرِ صحت سامان تلف کر دیا۔ترجمان کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع ملنے پر راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں کی گئی جہاں چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں امپورٹڈ برانڈز کی ایکسپائرڈ اشیاء برآمد ہوئیں۔ ضبط کیے گئے سامان میں چاکلیٹس، ٹافیاں، چپس اور مختلف فلیورڈ سرپ شامل تھے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی اشیاء نہ صرف زائد المیعاد تھیں بلکہ ان کی ایکسپائری تاریخ میں ردوبدل بھی کیا جا رہا تھا تاکہ انہیں دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کیا جا سکے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ تمام سامان راولپنڈی اور اسلام آباد کی مختلف مارکیٹس میں سپلائی کیا جانا تھا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام 10ہزار کلو مضرِ صحت اشیاء کو ڈمپنگ سائٹ پر تلف کر دیا جبکہ ملوث افراد کے خلاف ایکسپائری تاریخ میں ردوبدل اور عوامی صحت سے کھیلنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔