پانچ سے چھ ماہ کے لیے ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ،وزیر صحت
وزارت صحت ،ڈریپ اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری نے بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال کی صدارت میں گزشتہ روز موجودہ عالمی و جنگی حالات کے تناظر میں ادویات کی دستیابی اور سپلائی چین کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں فارماسیوٹیکل اور میڈیکل ڈیوائسز انڈسٹریز کے نمائندوں اور وفاقی سیکرٹری قومی صحت اور ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر ایم آر آئی مشینوں میں استعمال ہونے والی ہیلیم گیس کی دستیابی پر بھی غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام تر بین الاقوامی چیلنجز کے باوجود وزارتِ صحت اور ڈریپ نے فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے ساتھ مل کر مؤثر اور بروقت اقدامات کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک میں ادویات کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا گیا۔ انہوں نے عوام کو اطمینان دلایا کہ اس وقت ملک میں پانچ سے چھ ماہ کے لیے ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور موجودہ بین الاقوامی حالات کے باوجود شہریوں کو ادویات کے حصول میں کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔