جماعت اسلامی کی رابطہ مہم شروع، ایک لاکھ ممبرز کا ہدف

جماعت اسلامی کی رابطہ مہم شروع، ایک لاکھ ممبرز کا ہدف

کئی دنوں سے اسلام آباد کے شہری مشکلات میں ہیں، مہنگائی بھی عروج پر پہنچ گئیعوام کے مسائل کا واحد اور مؤثر حل بلدیاتی انتخابات کا فوری انعقاد، نصراللہ رندھاوا

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آج سے رابطہ عوام اور ممبرشپ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ آئندہ 20دنوں میں ایک لاکھ افراد کو جماعت اسلامی کا ممبر بنایا جائے گا، جن میں 50ہزار خواتین اور 50ہزار مرد شامل ہوں گے۔ جماعت اسلامی اسلام آباد کے ہر سیکٹر، محلے اور گھر گھر جا کر لوگوں کو اپنی جدوجہد کا حصہ بنائے گی تاکہ عوام کو منظم کرکے ان کے حقوق کیلئے ایک مضبوط آواز اٹھائی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد اس وقت شدید مسائل کا شکار ہے۔

گزشتہ دو ہفتوں سے شہر مختلف پابندیوں اور سکیورٹی انتظامات کے باعث متاثر ہے،  جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بین الاضلاع اور گڈز ٹرانسپورٹ بند ہونے کے باعث اشیائے ضروریہ کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی میٹریل کی فراہمی متاثر ہونے سے ترقیاتی کام بھی بند پڑے ہیں اور شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، اسلام آباد کے عوام کے مسائل کا واحد اور مؤثر حل بلدیاتی انتخابات کا فوری انعقاد ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں