اسلام آباد میں تجاوزات، گرانفروشی پر 27افراد گرفتار

اسلام آباد میں تجاوزات، گرانفروشی پر 27افراد گرفتار

کارروائیاں پاکستان ٹاؤن، جی الیون، بہارہ کہوکے علاقوں میں کی گئیںانتظامیہ نے 1دکان سیل، غیر قانونی ٹیکسی سٹینڈ ختم، 2گاڑیاں تھانے منتقل کر دیں

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے قانون شکنی پر اتوار کے روز 27افراد کو گرفتار کر لیا۔ مختلف اتوار بازاروں میں خریداروں کو رش کا سامنا کرنا پڑا جبکہ حکومتی ریٹ لسٹ اور کوالٹی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز نے دورے کیے۔ پاکستان ٹاؤن بازار میں تجاوزات قائم کرنے پر 5افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔ جی الیون اتوار بازار میں گراں فروشی پر 8افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بہارہ کہو اور پھلگراں اتوار بازاروں میں بھی کارروائیاں کی گئیں، جہاں 12دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا۔

تجاوزات قائم کرنے اور شہریوں کے چلنے پھرنے میں رکاوٹ ڈالنے پر ایک دکان کو سیل کر دیا گیا، سملی ڈیم روڈ پر واقع ایک غیر قانونی ٹیکسی سٹینڈ کو ختم کر دیا گیا اور 2گاڑیاں تھانے منتقل کی گئیں۔ غیر قانونی ٹیکسی سٹینڈ کے مبینہ مالک اور ایک منشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے گراں فروشوں اور تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں