راولپنڈی: فول پروف سکیورٹی، 3700پولیس افسران و اہلکار تعینات

 راولپنڈی: فول پروف سکیورٹی، 3700پولیس افسران و اہلکار تعینات

736 مساجد، 62 امام بارگاہوں اور 60 کھلے مقامات پر سکیورٹی،ٹریفک کے خصوصی انتظامات

راولپنڈی (اے پی پی) عیدالاضحی کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے 3700 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے ، مساجد، امام بارگاہوں، قبرستانو ں اور عوامی مقامات پر خصوصی نگرانی کو یقینی بنایا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق عید کی نماز پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کی جامع مسجد میں ادا کی گئی جس میں آر پی او بابر سرفراز الپا، کمشنر عامر خٹک، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ نماز کے بعد شہدا کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی اور مسلم امہ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ بعد ازاں پولیس افسران اور اہلکاروں سے عید ملی گئی اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا گیا۔سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر 736مساجد، 62امام بارگاہوں اور 60کھلے مقامات پر سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ۔ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے 1000 سے زائد ٹریفک افسران تعینات رہے جبکہ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے 25 خصوصی پکٹس قائم کی گئیں جہاں 250 سے زائد اہلکار ڈیوٹی انجام دیتے رہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں