غذا صحت مند طرزِ زندگی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ،مسعودالرحمن
پاکستان غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بحران کا سامنا کر رہا ہے ، پریس کانفرنس
اسلام آباد(نامہ نگار) دل کی بیماریاں اور دیگر غیر متعدی امراض طرزِ زندگی سے وابستہ بیماریاں ہیں جن پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ غذا صحت مند طرزِ زندگی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ۔ الٹرا پروسیسڈ مصنوعات میں عموماً اضافی چینی، غیر صحت بخش چکنائیاں اور نمک زیادہ مقدار میں موجود ہوتے ہیں، جبکہ ان میں مصنوعی اجزاء شامل ہوتے ہیں اور غذائیت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے ۔پاکستان پہلے ہی غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بحران کا سامنا کر رہا ہے ، جہاں لاکھوں افراد ذیابیطس، دل کی بیماریوں اور موٹاپے سے متعلق امراض میں مبتلا ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن معروف ماہر امراضِ قلب اور پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے صدر نے کہا کہا کہ الٹرا پروسیسڈ خوراک کی بڑھتی ہوئی دستیابی، کم قیمت اور جارحانہ تشہیری مہمات ملک بھر میں غیر صحت مند غذائی رجحانات کو فروغ دے رہی ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ فنانس بل 2026-27 میں الٹرا پراسیسر فوڈز پر ٹیکس کے ذریعے یہ واضح پیغام دینا چاہیے کہ عوامی صحت کو تجارتی مفادات پر ترجیح دی جائے ۔ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ خوراک اور مشروبات کی صنعت سے وابستہ بعض عناصر پالیسی سازوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے فیصلہ سازوں پر زور دیا کہ وہ غیر صحت بخش جوس اور مشروبات کی مصنوعات کے لیے ٹیکس میں رعایت حاصل کرنے کی کوششوں سے ہوشیار رہیں۔