گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات کیلئے 24جون تک مہلت
حادثات کے دوران آتشزدگی کے بڑھتے خطرات کے پیشِ نظر فائر سیفٹی آگاہی مہم شروع
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام گاڑیوں، بالخصوص پبلک سروس اور مال بردار گاڑیوں میں فعال آگ بجھانے والے آلات (Fire Extinguishers) رکھنا لازمی قرار دے دیا ہے ۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے حادثات کے دوران آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ملک گیر فائر سیفٹی آگاہی مہم شروع کی ہے جو 24 جون تک جاری رہے گی۔ اس مہم کا مقصد ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو یقینی بنانا ہے ۔ 24 جون سے آگ بجھانے والے آلات کے بغیرمسافر اور مال بردار گاڑیوں کو قومی شاہراہوں اور موٹرویز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گاڑیوں میں فعال اور معیاد کے اندر موجود آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے ۔