خصوصی تعلیم کے اداروں میں فیکلٹی،عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کا آغاز
سیکرٹری تعلیم کا سمر کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے این آئی ایس ای کا دورہ ،معائنہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ہدایات پر خصوصی تعلیم کے اداروں میں فیکلٹی اور عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد اساتذہ اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا اور آئی سی ٹی میں خصوصی تعلیم کے اداروں میں مسلسل پیشہ ورانہ ترقی (Continuous Professional Development) کا کلچر فروغ دینا ہے ۔اس سلسلے میں وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپیشل ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے سمر کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسپیشل ایجوکیشن (NISE) اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تربیتی سیشنز کا معائنہ کیا اور شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے خصوصی تعلیم کے شعبے میں پیشہ ورانہ ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ تربیتی پروگرام کا مقصد شرکاء کو جدید علمی مہارتوں اور عملی تجربات سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ خصوصی بچوں کی تعلیمی اور نفسیاتی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کر سکیں۔تربیتی پروگرام کا خاص مرکز \"پازیٹو بی ہیوئرل سپورٹ\" (Positive Behavioural Support - PBS) پر ہے ، جو شرکاء کو عملی مہارتیں فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ معذوری سے متاثرہ بچوں کے لیے ایک محفوظ، معاون اور پرامن تعلیمی ماحول تشکیل دے سکیں۔