راولپنڈی سے سسٹر اینیٹ ڈیمیگن کو جرمن وفاقی آرڈر آف میرٹ عطا

راولپنڈی سے سسٹر اینیٹ ڈیمیگن کو جرمن وفاقی آرڈر آف میرٹ عطا

جرمن سفیر کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے انہیں تمغہ پیش کیا

اسلام آباد(دنیا رپورٹ )راولپنڈی میں خدمات انجام دینے والی سسٹر اینیٹ ڈیمیگن، جو سسٹرہڈ آف دی کرائسٹ بیئررز کی رکن، ایڈ ٹو لیپروسی پیشنٹس (ALP) ایسوسی ایشن کی سیکرٹری جنرل اور جرمن شہری ہیں، کو جرمنی کے وفاقی صدر فرینک والٹر شٹائن مائر کی جانب سے فیڈرل ریپبلک آف جرمنی کے آرڈر آف میرٹ کے کراس آف میرٹ سے نوازا گیا ہے ۔ اسلام آباد میں جرمن سفیر کی رہائش گاہ پر سسٹر اینیٹ ڈیمیگن کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے انہیں یہ تمغہ پیش کیا۔ تقریب میں راولپنڈی کے جرمن لیپروسی اسپتال سے وابستہ ان کے ساتھیوں، جن میں سسٹر ڈاکٹر کرسٹین شموٹزر بھی شامل تھیں، نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان میں مقیم دیگر اعزاز یافتگان اور قومی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے ۔سسٹر اینیٹ ڈیمیگن 1964 میں جرمنی کے شہر ہینوور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے زرعی انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی اور گریجویشن کے بعد جرمن ریاست باڈن-ورٹمبرگ میں زرعی انسپکٹر کے طور پر کام کیا۔ اسی دوران وہ سسٹرہڈ آف دی کرائسٹ بیئررز میں شامل ہوئیں، جو ایک پروٹسٹنٹ مذہبی جماعت ہے جس کے ارکان تجرد، اجتماعی ملکیت اور اطاعت کا عہد کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں