اسلام آباد ،گاڑی کی رجسٹریشن ،ٹرانسفر اب گھر بیٹھے ہو سکے گی
ہیلپ لائن پر وقت لیا جائے گا ،مقررہ دن محکمہ کے اہلکار گھر آکر پراسیس کرینگےٹیکس اہداف کے حصول کیلئے ایکسائز دفاتر جمعہ اور ہفتہ کو بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد نے عوام الناس کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے ایک اور اہم اقدام کا آغاز کر دیا ہے ۔ نئی سہولت کے تحت شہری اب اپنی گاڑیوں کی نئی رجسٹریشن، ملکیت کی منتقلی اور دیگر تمام متعلقہ خدمات گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے ، جس سے دفتری کاموں کیلئے بار بار دفتر جانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی اور عوام کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔محکمہ ایکسائز کے مطابق اس سہولت سے استفادہ کرنے کیلئے شہری محکمہ کی ہیلپ لائن نمبر 383-383-111-051پر کال کر کے اپنی اپائنٹمنٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ اپائنٹمنٹ کے بعد محکمہ کی خصوصی ٹیم مقررہ تاریخ اور وقت پر شہری کی دہلیز پر پہنچ کر مطلوبہ خدمات فراہم کرے گی، ۔ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت خاص طور پر بزرگ شہریوں، خواتین اور معذور افراد کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگی جو خود دفتر آ کر کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔اس کے علاوہ عوام کی مزید سہولت اور ٹیکس اہداف کے حصول کیلئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے جمعہ اور ہفتہ کے روز بھی اپنے دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ اضافی دن عوام کے لیے وقف کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی مصروف زندگی میں سے وقت نکال کر ان خدمات کو حاصل کر سکیں اور ٹیکس ادائیگی میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے ۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عرفان میمن کا کہنا تھا کہ \\\"محکمہ عوام کو تیز، شفاف اور آسان خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور ہم اپنے شہریوں کو جدید اور موثر طریقہ کار فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔