مری ، ہائی ایس میں آگ لگ گئی ،تمام مسافر محفوظ
گاڑی راولپنڈی سے کشمیر جار ہی تھی ،گاڑی مکمل تباہ ،ایک ماہ میں تیسرا واقعہ
مری (نمائندہ دنیا)مری ایکسپریس وے پر راولپنڈی سے آزاد کشمیر جانے والی ٹیوٹا ہائی ایس گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ خوش قسمتی سے ڈرائیور نے بروقت گاڑی سڑک کنارے روک دی، جس کے باعث تمام مسافر بحفاظت باہر نکل آئے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مری ایکسپریس وے پر گاڑیوں میں آتشزدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے ، لیکن اس کے باوجود نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے مؤثر فائر سیفٹی اور فوری ایمرجنسی رسپانس کا نظام تاحال سوالیہ نشان بنا ہوا ہے عینی شاہدین کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بروقت جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکی، بند یوٹرنز کے باعث ریسکیو اداروں کو بھی امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ریسکیو 1122 نے بعد ازاں موقع پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کیں۔