ایچ ای سی کی جانب سے بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ ز کا اعلان
ڈاکٹر نادیہ ،ڈاکٹر راشد ،ابرار اشرف ،ڈاکٹر احسن الحق ،ڈاکٹر رائوزاہد اور دیگر شامل
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ایچ ای سی پاکستان نے بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ کے تحت ملک بھر کی جامعات سے تعلق رکھنے والے سات اساتذہ کو تدریس، تحقیق اور علمی خدمات میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا ہے ۔ ایوارڈز کی تقریب منگل کو ایچ ای سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوئی، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز اختر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب اساتذہ میں ایوارڈز تقسیم کئے ۔ ہر کامیاب استاد کو 10لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سند دی گئی۔
سال 2025 کے لیے انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ اینڈ کنسٹرکشن کے شعبے میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، واہ کیمپس کی ڈاکٹر نادیہ نواز، نیچرل سائنسز، میتھمیٹکس اینڈ سٹیٹسٹکس میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ڈاکٹر راشد جلیل، ایجوکیشن میں یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ڈاکٹر عرفان بشیر، ہیلتھ اینڈ ویلفیئر میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے ڈاکٹر ابرار اشرف ، بزنس، ایڈمنسٹریشن اینڈ لا میں انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کے ڈاکٹر اویس مفتی، سوشل سائنسز، جرنلزم اینڈ انفارمیشن میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے ڈاکٹر احسن الحق جبکہ ایگریکلچر، فارسٹری، فشریز اینڈ ویٹرنری کے شعبے میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے ڈاکٹر رائوزاہد کو بہترین یونیورسٹی استاد ایوارڈ سے نوازا گیا۔