جدید ٹیکنالوجی قومی ترقی ،معاشی خوشحالی کیلئے ناگزیر ،اورنگزیب کھچی
اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت ، زرعی شعبے میں سماجی کاروباری رجحانات کو فروغ دینا ہوگا
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسدادِ منشیات و جرائم کے اشتراک سے منعقدہ جامع فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام ٹریننگ آف ٹرینرز بعنوان \\\"پائیدار امن کے قیام کے لیے زراعت میں سماجی کاروباری صلاحیتوں کا فروغ\\\" کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پروگرام کا مقصد جامعہ کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، زرعی شعبے میں سماجی کاروباری رجحانات کو فروغ دینا، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور پائیدار امن کے لیے جدید و مؤثر حکمتِ عملیوں کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی تھے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے ایسے پروگرام اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے اور نئی نسل کو قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس نوعیت کی تربیت اساتذہ کی علمی و تدریسی استعداد میں نمایاں اضافہ کرتی ہے ، جس کے مثبت اثرات تعلیمی معیار کی بہتری کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی جامعات جیسا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور پائیدار زرعی ترقی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعات میں ہونے والی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال قومی ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔