پاکستان سے مشترکہ خوشحالی کی بنیاد پر تعلقات ہیں ،نیٹلی بیکر
امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کے موقع پر اسلام آباد ،لاہور میں تقریباتیکم سے پانچ جولائی تک پاکستان مانو منٹ کو امریکی پرچم کے رنگوں سے روشن کیا گیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کے موقع پر امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور لاہور قونصلیٹ کی جانب سے پاکستان کے دو اہم شہروں میں فریڈم ٹو ففٹی کے جذبہ کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور سیاسی روابط کو اجاگر کیا گیا۔ پاکستان میں امریکی مشن نے امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کی تقریبات میں تعاون پر حکومتِ پاکستان سے اظہارِ تشکر کیا ہے ۔ امریکی سفارتخانے نے یکم سے پانچ جولائی2026تک اسلام آباد میں پاکستان مانو منٹ کو امریکی پرچم کے رنگوں سے روشن کیا۔ پانچ روزہ تقریبات کے دوران شاہراہ دستور پر واقع گلوب چوک بھی سرخ، سفید اور نیلی روشنی کی کرنوں سے جگمگاتا رہا۔ دریں اثنا، لاہور میں بھی فریڈم ٹو ففٹی کے تحت امریکی مشن نے تاریخی عالمگیری دروازے ، لاہور قلعے کی مشہور تصویری دیوار، قائداعظم لائبریری اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کو خصوصی رنگوں سے روشن کرنے کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ کی ڈھائی سو سالہ سالگرہ دراصل تجدیدِ عہد کا ایک اہم موقع ہے ۔ یہ ہمارے اداروں کو مزید مضبوط بنانے ، اپنی قائدانہ حیثیت کی توثیق کرنے اور باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کا موقع ہے ۔ ہم پاکستان کے ساتھ خودمختاری، مضبوطی اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد پر تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں اور باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کو عملی نتائج میں تبدیل کر رہے ہیں ۔یہ خصوصی روشنیاں پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے منائی جانے والی فریڈم ٹوففٹی تقریبات کی مہم کا حصہ ہیں ۔