کامسٹیک، 54ممالک کے 5ہزار سائنسدانوں،محققین کو تربیت

 کامسٹیک،   54ممالک کے 5ہزار سائنسدانوں،محققین کو تربیت

759سکالرشپس ،52تحقیقی گرانٹس کیساتھ 174منصوبوں اور اقدامات پر عملدرآمد الجزائر، آذربائیجان، بنگلہ دیش، چین، انڈونیشیا، ایران، مراکش اور دیگر ممالک نے استفادہ کیا

اسلام آباد(نامہ نگار)او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی، ایک سال کے دوران 54 ممالک کے 5 ہزار سائنسدانوں اور محققین کو تربیت فراہم کی گئی، 759 اسکالرشپس اور فیلوشپس دی گئیں جبکہ 52 تحقیقی گرانٹس کے ساتھ 174 منصوبوں اور اقدامات پر عملدرآمد کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں قائم عالمی ادارے نے سال کے دوران 68 تربیتی پروگرام منعقد کیے جبکہ 80 سے زائد جامعات، تحقیقی مراکز اور علمی اداروں پر مشتمل بین الاقوامی نیٹ ورک کو مزید وسعت دی گئی۔کامسٹیک کے پروگراموں سے الجزائر، آذربائیجان، بنگلہ دیش، چین، انڈونیشیا، ایران، مراکش، روانڈا، سعودی عرب، ترکیہ، فلسطین، یمن اور متعدد افریقی ممالک سمیت مجموعی طور پر 54 ممالک کے سائنسدانوں، طلبہ، محققین اور اداروں نے استفادہ کیا۔ 2025 کے دوران پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مفت طبی و امدادی کیمپ بھی منعقد کیے ، جہاں جنوبی پنجاب اور ضلع چنیوٹ میں تقریباً 5 ہزار متاثرین کو ادویات، طبی امداد اور راشن فراہم کیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں