سماج دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈائون، 14گرفتار
لاکھوں روپے مالیت کی منشیات، شراب، ناجائز اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ رقم بھی برآمد
راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کریک ڈان کے دوران ڈکیتی، چوری، منشیات فروشی، ناجائز اسلحہ، شراب فروشی اور جعلسازی میں ملوث 14ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات، شراب، ناجائز اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ رقم بھی برآمد کر لی۔پولیس ترجمان کے مطابق ریس کورس پولیس نے خود کو پرائس مجسٹریٹ ظاہر کرکے مختلف ہوٹلوں سے رقم بٹورنے کی کوشش کرنے والے ایک جعلساز کو گرفتار کیا۔ ائیرپورٹ اور وارث خان پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 3کلو 660گرام چرس برآمد کی۔ اسی طرح روات، آر اے بازار، وارث خان، گنجمنڈی، رتہ امرال اور پیرودہائی پولیس نے کارروائیوں کے دوران 8ملزمان کو گرفتار کرکے 40لٹر شراب، ناجائز اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ بنی پولیس نے ڈکیتی و چوری میں ملوث دو رکنی گینگ جبکہ کلر سیداں پولیس نے ڈکیتی گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 67ہزار روپے مسروقہ رقم اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا۔