عازمینِ حج کی خدمت کو اہم ذمہ داری سمجھتے ہیں،سردار یوسف
آئندہ سال مزید سہولیات کیلئے اقدامات کر رہے ،سی ڈی اے یونین کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ اور سی ڈی اے مزدور یونین کے زیرِ اہتمام حج کی سعادت حاصل کرنے والے سی ڈی اے ملازمین کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ،مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف تھے ۔ شرکاء نے حجاج کرام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی عبادات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور انہیں اپنی زندگیوں میں اس روحانی سفر کے اثرات کو برقرار رکھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ حکومت عازمینِ حج کی خدمت کو اپنی اہم ذمہ داری سمجھتی ہے اور اسی جذبے کے تحت حج انتظامات میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے ۔ موجودہ سال حج آپریشن کے دوران پاکستانی حجاج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے وزارتِ مذہبی امور، سعودی حکام اور متعلقہ اداروں نے باہمی تعاون سے مؤثر اقدامات کیے جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ۔ اختتام پر ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی دعا کی۔