نجی سکولزکیلئے درسی کتب کی قلت دور کرنے کیلئے ایلوکیشن
چھٹیاں ختم ہونے سے پہلے درسی کتابوں کی فراہمی مکمل کر دی جائیگی :پیکٹا حکام
لاہور(خبر نگار )پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا)نے نجی سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے درسی کتابوں کی قلت دور کرنے کیلئے مختلف جماعتوں کی مزید تقریباً 1 لاکھ 90 ہزار کتابوں کی ایلوکیشن کر دی ۔پیکٹا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات کے دوران نجی سکولوں کی جانب سے موصول ہونیوالی طلب کے پیش نظر چھٹی سے دسویں جماعت تک مختلف مضامین کی اضافی کتابیں مختص کی گئی ہیں تاکہ نیا تعلیمی سیشن شروع ہونے سے قبل طلبہ کو درسی کتب کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہونے سے پہلے تمام منظور شدہ درخواستوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے درسی کتابوں کی فراہمی مکمل کر دی جائیگی تاکہ نجی سکولوں کے طلبہ کو کتابوں کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کسی سکول کو مزید کتابوں کی ضرورت ہو تو وہ مقررہ طریقہ کار کے تحت درخواست جمع کرا سکتا ہے ،درخواست کے بغیر اضافی کتابیں فراہم نہیں کی جائینگی۔ پیکٹا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ 2026-27کے نصاب سے خارج کی گئی کتابوں کی مزید ایلوکیشن نہیں ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments