عوام کی جان و مال کا تحفظ، قانون کی بالادستی یقینی بنائیں،آئی جی
شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے،سائلین کو عزت دی جائے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے گزشتہ روز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور میرٹ پر مبنی پولیسنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی، شفاف احتساب اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ آئی جی نے اجلاس میں افسران پر زور دیا کہ شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے ، تھانوں میں آنیوالے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور جرائم کے تدارک کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت یا بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔اجلاس میں مجموعی امن و امان کی صورتحال، پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار، عوامی خدمت کے معیار اور جاری اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر، بروقت اور باوقار پولیس خدمات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments