آرڈی اے کا تجاوزات کیخلاف آپریشن ،غیر قانونی تعمیرات سیل
مڈ سٹی اپارٹمنٹس، سروس روڈ، موضع گنگال میں پولیس کے تعاون سے کارروائیاں
راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر آر ڈی اے زیر کنٹرول علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات و غیر قانونی کمرشل استعمال سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں ۔ اس سلسلے میں آر ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے مڈ سٹی اپارٹمنٹس، سروس روڈ، موضع گنگال میں جاری غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف پنجاب پولیس تھانہ ایئرپورٹ ڈھوک للیال پولیس چوکی کے تعاون سے آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران غیر مجاز دفاتر، ریسٹورنٹس اور غیر قانونی پینٹ ہاؤسز سمیت مختلف غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کو سیل کر دیا گیا۔ یہ کارروائی پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976، آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز اور دیگر متعلقہ پلاننگ قوانین کے تحت عمل میں لائی گئی۔ بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ آر ڈی اے فہد علی بھٹی کی نگرانی میں انفورسمنٹ عملے کے ہمراہ آپریشن کیا گیا۔ ٹیم میں مختار احمد، شفیق الرحمن، عامر محمود، اسد خان اور مشتاق احمد شامل تھے ۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق اتھارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ اس کے زیر کنٹرول علاقوں میں کسی بھی غیر مجاز کمرشل سرگرمی، غیر قانونی تعمیرات یا ترقیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منظور شدہ بلڈنگ پلانز، زوننگ ریگولیشنز اور دیگر متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments