اسلام آباد،تجاوزات کیخلاف کارروائیاں،2490کنال سرکاری اراضی واگزار
اسلام آباد ایکسپریس وے کیساتھ ، سیکٹر ای 12، ترنول و دیگر علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آ پریشن جاری مسلم کالونی سمیت مختلف علاقوں سے 2112کنال زمین واگزار، شجر کاری کیلئے استعمال کی جا ئیگی ،سی ڈی اے حکام
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے نے اسلام آباد میں غیر قانونی قبضوں، تجاوزات اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائیوں میں 2490 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرا لی جبکہ سیکٹر ای-12 اور اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن جاری ہے ۔ سی ڈی اے حکام نے بتایا سابقہ مسلم کالونی سمیت مختلف علاقوں سے 1400 کنال سے زائد قیمتی اسٹیٹ لینڈ واگزار کرائی گئی جبکہ اس سے قبل دیگر کارروائیوں میں 712 کنال سے زائد اراضی بھی غیر قانونی قابضین سے واپس لی گئی ۔ سیدپور اور نیشنل پارک سے ملحقہ علاقوں میں کارروائی کے دوران 320 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ حکام کے مطابق نیشنل پارک اور سرکاری اراضی کی حدود کی نشاندہی کے لیے سیٹلائٹ پر مبنی جیو میپنگ اور ڈیجیٹل نقشوں سے مدد لی گئی۔ واگزار شدہ اراضی کو ماحولیاتی بحالی اور شجرکاری کے لیے استعمال کیا جا ئیگا ۔سی ڈی اے کے مطابق جی ٹی روڈ، ترنول، اسلام آباد ایکسپریس وے ، سری نگر ہائی وے اور دیگر مقامات پر بھی 800 کنال سے زائد اسٹیٹ لینڈ واگزار کرائی جا چکی ہے ۔ سیکٹر ای-12 سے 290 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ، بعض اراضی نجی افراد کی جانب سے تجارتی کرایہ داری اور دیگر غیر مجاز مقاصد کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ دوسری جانب اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کے ساتھ بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ بلڈنگ کنٹرول سیکشن اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے تعمیرات کو سیل کرنے اور انہیں قانونی دائرے میں لانے کا عمل شروع کیا ہے جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ایچ-9 اور آئی-9 کی گرین بیلٹس سے 7دکانیں، 9عارضی ہوٹل، 7کمرے ، 7تندور، 4واش رومز، 3ماربل سٹالز، 3 کنٹینرز، 3 شیڈز اور ایک سروس سٹیشن ختم کیاگیا ۔ کلیئر کرائی گئی گرین بیلٹس اور سرکاری اراضی کو شجرکاری کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments