شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح،قانون پر بلا امتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا:چیف کمشنر
کاروباری برادری، تاجروں، سرکاری ملازمین کو جائز سرگرمیاں پرامن اور قانون کے مطابق جاری رکھنے کا موقع ملنا چاہیےداخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات کی کڑی نگرانی ،سکیورٹی انتظامات کو ہر وقت فعال رکھا جائے ،سہیل اشرف
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف کمشنر اسلام آباد سہیل ا شرف نے آئی جی ، ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کے ہمراہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے امن و امان، سکیورٹی انتظامات، اہم داخلی و خارجی راستوں اور دیگر حساس مقامات پر کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو مکمل چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران سینئر افسران نے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی، ٹریفک مینجمنٹ، شہریوں کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کی تیاری کا جائزہ لیا۔ افسران نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس، ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور دیگر اداروں کے درمیان مو ثر رابطہ کاری کے طریقہ کار پر بھی غور کیا۔
چیف کمشنر نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ کاروباری برادری، تاجروں، پیشہ ور افراد، سرکاری ملازمین اور دیگر شہریوں کو اپنی جائز سرگرمیاں پرامن اور قانون کے مطابق جاری رکھنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون پر بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے اہم داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات اور دیگر اہم علاقوں میں کڑی نگرانی برقرار رکھی جائے اور سکیورٹی انتظامات کو ہر وقت فعال رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس، سی ڈی اے ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی رابطہ اور موثر کوآرڈینیشن ضروری ہے۔ آئی جی نے چیف کمشنر کو وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، پولیس کی تعیناتی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments