کوہاٹ حملہ افغانستان میں جڑیں رکھنے والے خوارج نے کیا: وزارت اطلاعات
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارت اطلاعات و نشریات نے کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران شہریوں اور پولیس اہلکاروں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق کوہاٹ حملہ افغانستان میں جڑیں رکھنے والے خوارج نے کیا، دہشت گردی کا کوئی مذہب یا جواز نہیں۔
حکام کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں اور بھرتیاں پاکستان کی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔
وزارت اطلاعات نے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکی کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان ذمہ داری سے فرار اور پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے اپنی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ کریں۔
اِسی طرح اپنے بیان میں حکام کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے کے تحت اپنی انسداد دہشت گردی کی ذمہ داریاں پوری کرے، افغان وزارت خارجہ کی جانب سے کوہاٹ حملے کی مذمت کافی نہیں، زبانی ہمدردی کو ٹھوس اور قابل تصدیق کارروائیوں میں تبدیل کرنا ہوگا۔
وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ مذاکرات کے نام پر پاکستانی عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان اپنے شہریوں، حدود اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت ہر ضروری قدم اٹھائے گا۔
دوسری جانب حکام نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خطرات کو ہر جگہ سے ختم کرنے کے مکمل عزم اور صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ افغان طالبان پر دباؤ ڈالے کہ خطرہ پورے خطے میں پھیلنے سے قبل فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments