پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ بے وقت کی راگنی: رانا تنویر حسین

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ بے وقت کی راگنی ہے۔

اپنے آبائی حلقے شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا  تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان سعودی قیادت کے ساتھ کھڑا ہے، سیاسی و عسکری قیادت اپنا واضح پیغام دے چکی ہے، پاکستان کی فوج سعودی قیادت کے ایک اشارے کی منتظر ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک اس وقت کسی لانگ مارچ یا دھرنے کا متحمل نہیں، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ بے وقت کی راگنی ہے، قومی اور عوامی مسائل سڑکوں کے بجائے پارلیمان میں زیر بحث آنے چاہئیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، کوہاٹ میں دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے، خیبرپختونخوا حکومت لانگ مارچ کے بجائے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

رانا تنویر حسین نے کہا  کہ سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام کی بنیاد ہے، متحدہ اپوزیشن کے قیام سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لاہور میں سرکس کی سیاست کرنے آئے، جبکہ اغوا کا ڈرامہ بھی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا جہاز سواری کے لیے ہے، سیاست کے لیے نہیں، جہاز مریم نواز شریف کا نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو کسانوں کی مشکلات کا احساس ہے، گزشتہ دو سال کے دوران کاشتکاروں کو ان کی فصلوں کے مطابق مناسب قیمت نہیں ملی، جس کے باعث بیرون ملک سے گندم درآمد کرنا پڑی۔

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ سرگودھا، فاروق آباد ڈبل روڈ اور فاروق انٹرچینج پر بہت جلد کام شروع ہوجائے گا، عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب میں اچھا کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے  مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو اعتدال میں لانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...