اقوام متحدہ، قطر، سعودیہ اور ایران کی کوہاٹ پولیس لائنز مسجد پر حملے کی مذمت
لاہور: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ، قطر، سعودی عرب اور ایران نے کوہاٹ پولیس لائنز مسجد پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کوہاٹ دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔
قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ قطر ہر قسم کے تشدد، دہشت گردی اور جرائم کو مسترد کرتا ہے، عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے اور شہریوں میں خوف پھیلانا قابل قبول نہیں، جاں بحق افراد کے اہلخانہ، حکومت اور پاکستانی عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نےکہا کہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام اقسام کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں سعودی وزارتِ خارجہ نے صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک مسجد کو نشانہ بنائے جانے والے دہشتگرد حملے کی شددید مذمت کی ہے۔ حملے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
بیان میں دہشتگردی کی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور حکومت و پاکستانی عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments