عدالتی فائل گمشدگی کیس، سزا پانے والا اہلکار 15 سال بعد بری

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امجد پرویز نے عدالتی فائل گمشدگی کیس میں سزا پانے والے عدالتی اہلکار محمد خالد رشید کو 15 سال بعد بری کردیا۔

عدالت نے ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا اور جرمانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں بری طرح ناکام رہا، یہ کیس کسی ثبوت کے نہ ہونے کا کیس ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امجد پرویز نے محمد خالد رشید کی درخواست پر 15 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں قرار دیا گیا کہ جرم ثابت کرنے کے لیے ملزم کی مجرمانہ نیت کا ثابت ہونا ضروری ہے، صرف کسی فعل کا سرزد ہونا کسی شخص کو مجرم نہیں بناتا، مجرمانہ نیت فوجداری جرم کا لازمی جزو ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق محمد خالد رشید کے خلاف قصور پولیس نے 12 مارچ 2011 کو مقدمہ درج کیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے 2018 میں ملزم کو دو سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف ملزم نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ محکمانہ انکوائری میں ملزم کو بدعنوانی کا مرتکب قرار نہیں دیا گیا بلکہ غفلت اور نااہلی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ محکمانہ انکوائری رپورٹ استغاثہ کے مؤقف کی تائید کرنے کے بجائے اسے زائل کرتی ہے۔

جسٹس محمد امجد پرویز نے فیصلے میں قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ نے جن محکمانہ دستاویزات پر انحصار کیا، وہ قانونی طور پر ثابت ہی نہیں کی گئیں۔ محکمانہ انکوائری رپورٹ کے مصنفین بھی ٹرائل کے دوران بطور گواہ پیش نہیں ہوئے۔

فیصلے کے مطابق تفتیشی افسر نے ملزم کے مؤقف کی بھی تفتیش نہیں کی بلکہ وہ پہلے ہی ملزم کو قصوروار سمجھ کر تفتیش کرتا رہا، ملزم کے قبضے سے گمشدہ عدالتی فائل بھی برآمد نہیں ہوئی۔عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں بری طرح ناکام رہا، لہٰذا سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔

لاہور ہائیکورٹ نے محمد خالد رشید کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے مقدمے کے الزام سے بری کردیا۔عدالت نے اپنے 15 صفحات پر مشتمل فیصلے میں فوجداری مقدمات میں مجرمانہ نیت اور جرم کو قانونی شہادت سے ثابت کرنے سے متعلق اہم قانونی اصول بھی واضح کیے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...