خلع کے حق مہر سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حق مہر کی واپسی سے متعلق آئینی درخواست خارج کر دی۔
جسٹس شاہ رخ ارجمند نے شہری عامر ممتاز کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا، عدالت نے کہا نکاح نامے میں حق مہر کی رقم دو لاکھ پچاس ہزار ایک سو پچاس روپے درج تھی جبکہ حق مہر کی ادائیگی سونے کے زیورات کی صورت میں درج تھی۔
فیصلے کے مطابق نکاح نامے میں سات تولے سونے کا ذکر نہیں کیا گیا، صرف سونے کے زیورات وصول کرنے کا اعتراف ان کا وزن ثابت نہیں کرتا، 7 تولے سونا حق مہر میں دیئے جانے کا دعویٰ بھی ٹھوس شواہد سے ثابت نہیں ہوا۔
درخواست گزار نے سات تولے سونا یا موجودہ مارکیٹ قیمت واپس کرنے کا مؤقف اپنایا تھا، تاہم فیملی کورٹ کا دو لاکھ پچاس ہزار ایک سو پچاس روپے حق مہر واپس کرنے کا حکم برقرار رکھا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ نچلی عدالتوں کے فیصلوں میں کوئی قانونی نقص نہیں، آئینی درخواست شواہد کی دوبارہ جانچ کے لیے اپیل کا متبادل فورم نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments