احتجاج کے حوالے سے ہماری پالیسی کلیئر، کسی صورت اجازت نہیں دیں گے: عطا تارڑ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ احتجاج کے حوالے سے حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے اور کسی صورت احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ پرتشدد مظاہرے کیے، احتجاج کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ بھی آچکا ہے، عدالتی آرڈر واضح ہے، اس لیے اسلام آباد میں کسی بھی جگہ احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے معاملے پر کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی اور کسی دباؤ کے تحت کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، تاہم قانون سب کے لیے برابر ہے، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا کی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ میں لاشیں پڑی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ موجیں کر رہے ہیں، امن و امان کو بہتر بنانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف توڑ پھوڑ کرتی ہے جبکہ جماعت اسلامی کے کارکن پرامن لوگ ہیں، ان کے مطابق جماعت اسلامی کے جلسوں میں کبھی پتہ نہیں ٹوٹتا اور دونوں جماعتوں کا ’’ڈی این اے‘‘ ہی الگ ہے، مجھے نہیں لگتا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی اکٹھی ہوں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی عدالت کے فیصلے کو نہیں مانا، بہتر ہے جماعت اسلامی بھی اسلام آباد نہ آئے، کیوں کہ قانون پھر اپنا راستہ لے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...