بحریہ یونیورسٹی میں چین کی فودان یونیورسٹی کے وفد کا دورہ
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) چین کی فودان یونیورسٹی کے چھ رکنی وفد نے بحریہ یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ یہ دورہ تعلیمی روابط کا حصہ تھاجس کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔فودان یونیورسٹی کے وفد کی قیادت چن یان، ایسوسی ایٹ وائس پریزیڈنٹ اور ایگزیکٹو ڈین، گریجویٹ سکول نے کی۔ وفد میں شیان مینگ ہان، وائس ڈین، گریجویٹ اسکول؛ پروفیسر ژانگ جون لیانگ، شعبہ کیمسٹری؛ پروفیسر شیاؤ جیانگ، شعبہ فزکس؛ ژو یان جون، پروگرام مینیجر، انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس آفس؛ اور چن جی ہونگ، پروگرام مینیجر، آفس آف گلوبل پارٹنرشپس شامل تھیں۔
دورے کے دوران وفد نے JUSTCOOL کے حوالے سے ایک معلوماتی سیشن منعقد کیا۔ USTCOOLفودان یونیورسٹی، شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی اور ٹونگجی یونیورسٹی کا مشترکہ بین الاقوامی ڈاکٹریٹ داخلہ پروگرام ہے ۔ سیشن میں فیکلٹی ممبران، محققین اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو ریاضی، فزکس، کیمسٹری اور لائف سائنسز سمیت اہم شعبہ جات میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے مواقع کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔وفد نے بحریہ یونیورسٹی کی اعلیٰ قیادت اور فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے تعلیمی شعبہ جات اور مستقبل میں تعاون کے ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسلام آباد اور راولپنڈی کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران، محققین اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ بھی شریک ہوئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments