چیف سیکریٹری سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات

چیف سیکریٹری سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات

ملاقات میں پولیو کے خاتمے اور معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری پر تبادلہ خیال نقل مکانی کرنے والوں اور سفری گزرگاہوں پر خصوصی توجہ، آصف حیدر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے گیٹس فاؤنڈیشن کے 6 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت گریگ وڈمائر نے کی۔ ملاقات میں صوبے میں پولیو کے خاتمے ، معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری کے فروغ اور بچوں کو ویکسین کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیراعلیٰ سندھ، وزیر صحت اور وہ خود پولیو مہم کی نگرانی میں براہ راست شامل ہوتے ہیں۔ پولیو مہم کے دوران متعلقہ افسران کے تبادلوں کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے تاکہ مہم کے تسلسل اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جاسکے۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے بچوں اور سفری گزرگاہوں پر ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری کا دائرہ بڑھانے کیلئے یونین کونسل کی سطح پر ویکسینیٹرز بھرتی کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی سہولت فراہم کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں بچوں کی پیدائش کا 100 فیصد اندراج یقینی بنانا بھی حکومت کا ہدف ہے ، جس سے بچوں کی ویکسینیشن سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نگرانی میں مدد ملے گی۔اس موقع پر ای او سی کوآرڈینیٹر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں لیے گئے 29 ماحولیاتی نمونوں میں سے 28 میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔ وفد نے حفاظتی ٹیکہ کاری کے پروگرام کو مؤثر بنانے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...