آئی جی کی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ آمد، اجلاس کی صدارت
لاہور میں انڈر ورلڈ مافیا، گینگ یا قبضہ گروپ نہ ہونا خوش آئند :عبدالکریممربوط حکمت عملی سے رواں سال سنگین جرائم میں 46فیصد کمی آئی:سی سی پی او
لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا ،پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی جی نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے ، سلامی پیش کی اور شہدا کیلئے دعا کی۔آئی جی عبدالکریم کی زیر صدارت لاہور پولیس کے افسروں کا اجلاس عام ہوا ۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسروں نے بھرپور شرکت کی۔ سی سی پی او نے لاہور پولیس کی مجموعی کارکردگی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا نے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
سی سی پی او نے بتایا کہ لاہور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشنز اور مربوط حکمت عملی سے گزشتہ چار سال سے جرائم کا گراف مسلسل نیچے آیا ہے ۔ رواں سال رابری، کار چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں 68 فیصد جبکہ سنگین جرائم میں 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ شہریوں میں احساس تحفظ بڑھا ہے اور لاہور کو دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شمار کیا جا رہا ہے ۔ لاہور پولیس میں اندراج مقدمات، کیسز کی چالاننگ، اشتہاری ملزموں کی گرفتاری اور ویلفیئر کے معاملات میں واضح بہتری آئی ہے ۔ منشیات کیخلاف مہم کے دوران 831 کلو آئس، 120 کلو ہیروئن اور 2458 کلو چرس برآمد کی گئی، جبکہ گزشتہ پانچ سال کے 10 لاکھ سے زائد زیر التوا چالان نمٹائے گئے۔
آئی جی عبدالکریم نے کہا لاہور میں کوئی نوگو ایریا، انڈر ورلڈ مافیا، گینگ، قبضہ گروپ یا بدمعاشوں کا موجود نہ ہونا انتہائی خوش آئند ہے ۔ جرائم میں مسلسل کمی پولیس افسروں کی محنت کانتیجہ ہے ۔ لاہور کو پرامن شہر بنانے میں سی سی ڈی، سپیشل برانچ، ایلیٹ پولیس، ٹریفک پولیس سمیت تمام پولیس یونٹس نے بھرپور کردار ادا کیا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اسی جذبے سے محنت جاری رکھی جائے ۔ آئی جی نے اجلاس عام میں شریک افسروں سے فرداً فرداً ملے اور انکے مسائل بھی دریافت کیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments