کراچی میں جامع منصوبہ بندی کے تحت کام جاری،شرجیل میمن
انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شہری سہولیات کی بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے ،سینئر وزیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے۔ انفرااسٹرکچر، صنعتی و تجارتی رابطوں، پانی و نکاسیٔ آب سمیت دیگر شہری سہولیات کی بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔ پورٹ قاسم سے ایم نائن تک لنک روڈ، ریڈ لائن اور یلو لائن سمیت اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک ایلیویٹڈ ایکسپریس وے جیسے منصوبے پورٹ اور صنعتی علاقوں کو اہم شاہراہوں سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
کراچی پورٹ تا قیوم آباد کوریڈور کا مقصد مؤثر رابطہ قائم کرنا، شہری سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔ یہ منصوبہ کراچی پورٹ کو قیوم آباد اور شاہراہِ بھٹو کے ذریعے ایم نائن اور دیگر اہم رابطوں سے جوڑنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا وژن جدید کراچی کی تشکیل اور شہری سہولیات کو ایک مربوط نظام کے تحت ترقی دینا ہے ۔ کراچی صرف سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا معاشی مرکز ہے ، اس لیے شہر کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری دراصل ملک کی معاشی ترقی میں سرمایہ کاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments