پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین تعلیمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین  تعلیمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سید خالد مقبول اور پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا کے درمیان ملاقات میں تعلیم، اعلی تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، تحقیق اور۔۔۔

 جامعات کے مابین تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کیلئے مجوزہ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے ایتھوپیا کی جانب سے مسودے پر تجاویز اور آرا کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے اسے باہمی رضامندی سے حتمی شکل دینے کی ضرورت اجاگر کی۔ خالد مقبول نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تعلیم، STEAM، مشترکہ تحقیق، طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں اور فنی تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے پاکستان کے نیوٹیک اور ایتھوپیا کے متعلقہ اداروں کے درمیان ہنرمندی کے فروغ اور تربیتی پروگراموں میں اشتراک کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے خیرمقدم پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے مجوزہ مفاہمت کی یادداشت کو آگے بڑھانے اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...