چوری ،ڈکیتی ،آٹھ گینگز کے 30ارکان سمیت 61گرفتار

چوری ،ڈکیتی ،آٹھ گینگز کے 30ارکان سمیت 61گرفتار

7کروڑ 29مالیت کے موبائل فونز، لیپ ٹاپس، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں،لیپ ٹاپ برآمدچوری شدہ گاڑیاں ،موٹرسائیکل شہریوں کے حوالے ، پولیس افسروں کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ایس ایس پی انویسٹی گیشنز سلمان ظفر نے ڈی ایس پی سی آئی اے سلمان شاہ اور انچارج اے وی ایل یو انسپکٹر میاں نور اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے روبری اینڈ ڈکیتی یونٹ نے ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، روبری، نقب زنی اور چوری میں ملوث آٹھ گینگز کے 30 ارکان سمیت 61 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 28 مقدمات میں سات کروڑ 29 لاکھ 15 ہزار روپے مالیت کے موبائل فونز، لیپ ٹاپس، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، سونا، نقدی اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔اغوا برائے تاوان کے مقدمات میں دو گینگز کے نو ارکان کو گرفتار کرکے مغویان کو بازیاب کرایا گیا۔ ملزمان سے ہنڈا سِوک گاڑی، 18 موبائل فونز، 7 لیپ ٹاپس، آئی پیڈز اور پاسپورٹس سمیت ایک کروڑ 5 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد ہوا۔ ڈکیتی اور سرقہ بالجبر کے مقدمات میں چار گینگز کے 16 ارکان گرفتار کیے گئے ، جن سے 23 موبائل فونز، پانچ موٹر سائیکلیں، 20 گاڑیاں، نقدی، گھڑیاں اور دیگر مالِ مسروقہ برآمد ہوا، جس کی مالیت ایک کروڑ 60 لاکھ 65 ہزار روپے بتائی گئی۔ سرقہ عام اور نقب زنی کے آٹھ مقدمات میں بھی 14 ملزمان گرفتار کیے گئے ، جن سے 20 تولہ سونا، نقدی، گھڑیاں، لیپ ٹاپس اور دیگر سامان برآمد ہوا، جس کی مالیت چارکروڑ 62 لاکھ 40 ہزار روپے بتائی گئی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشنز نے بتایا کہ اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ (AVLU) نے رواں سال گاڑی و موٹر سائیکل چوری میں ملوث 11 گینگز کے 27 ملزمان کو گرفتار کرکے 35 گاڑیاں اور 21 موٹر سائیکلیں برآمد کیں، جن کی مجموعی مالیت آٹھ کروڑ 82 لاکھ 45 ہزار روپے ہے ۔ اس طرح گاڑی و موٹر سائیکل چوری کے 56 مقدمات حل کیے گئے ۔ گرفتار گروہ ماسٹر چابیوں اور دیگر طریقوں سے گاڑیاں چوری کرکے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں منتقل کرتے تھے ۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشنز نے ڈی ایس پی سی آئی اے اور انچارج اے وی ایل یو کے ہمراہ چوری شدہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں اور مالِ مسروقہ شہریوں کے حوالے کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...