نوجوانوں کی کامیابی کیلئے رہنمائی، مسلسل محنت ضروری ، طارق فضل

نوجوانوں کی کامیابی کیلئے رہنمائی، مسلسل محنت ضروری ، طارق فضل

ترقی کیلئے تیاری، صبر، مستقل مزاجی اور خود کو مسلسل بہتر بنانے کا جذبہ ہونا چاہئے

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی کامیابی کیلئے بروقت رہنمائی، مسلسل محنت، عملی تجربہ اور واضح حکمت عملی ناگزیر ہیں، تعلیمی اداروں، کاروباری برادری اور تجربہ کار پیشہ ور افراد کو نوجوان نسل کی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک امریکن شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جہاں پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں کو پاکستان کے تعلیمی نظام، ثقافت اور مقامی نوجوانوں سے روشناس کرانے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و پیشہ ورانہ روابط مضبوط بنانے کیلئے پاکٹ (PACT)مینٹورشپ پروگرام متعارف کرایا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی کیلئے تیاری، صبر، مستقل مزاجی اور خود کو مسلسل بہتر بنانے کا جذبہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیات اور پیشہ ور افراد کے تجربات کو نوجوانوں کیلئے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیمی روابط کو وسعت دینے سے طلبہ کی سوچ میں وسعت پیدا ہوگی اور باہمی تعاون کے نئے امکانات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی گفتگو اور اظہار کی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رہیں اور سیکھنے کا عمل جاری رکھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک امریکن شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس کے نمائندے نوید انور نے کہاکہ چیمبر کے تحت پاکٹ (PACT) مینٹورشپ پروگرام کا آغاز نوجوانوں کی رہنمائی، تربیت اور پاکستان و امریکہ کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی نوجوان بیرون ملک رہنے کے باوجود پاکستان سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور اپنے آبائی وطن کی ثقافت، تعلیمی نظام اور معاشرتی زندگی کو قریب سے سمجھنے کے خواہش مند ہیں۔ مینٹورشپ پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو آج رہنمائی فراہم کرکے کل کے موثر رہنما بننے کے قابل بنانا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...