این ایس یو میں ایچ وی اے سی آرسینٹر آف ایکسیلنس کا قیام
نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ،قمر الاسلام راجہ
اسلام آباد (اے پی پی) نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو) اسلام آباد نے اپنے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں ایچ وی اے سی آر ہیٹنگ،وینٹیلیشن، ایئر کنڈیشننگ اور ریفریجریشن ٹیکنالوجیز کے لیے سینٹر آف ایکسیلنس کا افتتاح کیا۔ یہ اقدام تکنیکی تعلیم، صنعت سے ہم آہنگ تربیت اور پاکستان-چین تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ۔اس تقریب کا انعقاد نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)، چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایس سی ای سی) پاکستان، یونی سروسز انٹرنیشنل ، پاکستان اور چین کی ہاربن ووکیشنل یونیورسٹی آف کنسٹرکشن ٹیکنالوجی کے اشتراک سے کیا گیا۔
تقریب میں چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چینی سفارت خانے ، شراکت دار اداروں، تعلیمی حلقوں اور صنعت سے وابستہ ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعود الطاف نے عملی سیکھنے کے عمل، جدت طرازی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی کے ذریعے تعلیم اور صنعت کے درمیان موجود خلیج کو پاٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ قمر الاسلام نے پاکستان کی معاشی اورصنعتی ترقی میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں سے لیس کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments