خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ مسلمانوں کی ریڈ لائن ،علمائے کرام

خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ مسلمانوں کی ریڈ لائن ،علمائے کرام

سعودی عرب پر حملوں کی مذمت، مکہ مکرمہ معاہدے کی بھرپور حمایت کا اعلان

 اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) مشائخ و علما کونسل پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس میں ملک بھر کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام نے حرمین شریفین کے تقدس، سلامتی اور تحفظ کو پوری امت مسلمہ کی مشترکہ دینی و ملی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت اور مکہ مکرمہ معاہدے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ مسلمانوں کی ریڈ لائن ہیں، ان مقدس مقامات کی حرمت و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس حوالے سے بہت جلد اسلام آباد میں تحفظ حرمین الشریفین کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ چیئرمین مشائخ و علما کونسل پاکستان حضرت پیر شیخ سلطان فیاض الحسن قادری، سجادہ نشین دربار عالیہ حق باہو جھنگ، صاحبزادہ پیر ڈاکٹر سلطان العارفین صدیقی، سجادہ نشین دربار عالیہ نیاریاں شریف آزاد کشمیر، جنرل سیکرٹری مولانا فضل الرحمان خلیل، صاحبزادہ محمد سعد الرحمن سمیت دیگر علمائے کرام و مشائخ عظام نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام و مشائخ عظام نے کہا کہ خانقاہوں اور درگاہوں کا پیغام ہمیشہ محبت، امن، رواداری اور باہمی احترام کا رہا ہے ، اس لیے تمام فریقین کو تصادم کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنا چاہیے ۔ تاہم حرمین شریفین کا تحفظ محض سفارتی نہیں بلکہ ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی جانب میزائل اور راکٹ حملے ناقابل قبول ہیں، پوری امت مسلمہ کو ان مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے متحد ہوکر اپنا عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...