ڈاؤ یونیورسٹی انتظامی امورکامیابی سے چلا رہی ہے ،اسماعیل راہو
یونیورسٹی میں صحت کی خدمات اور تعلیم کو یکساں ترجیح دی جاتی ہے ،وزیر جامعاتجامعہ کے سینیٹ اجلاس سے خطاب، اساتذہ اور عملے کی کوششوں کو بھی سراہا
کراچی (این این آئی) وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ اور پرو چانسلر محمد اسماعیل راہو نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی مالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود یونیورسٹی اپنے انتظامی امور کو سرکاری فنڈز کے ساتھ ساتھ اپنے وسائل کے ذریعے بھی کامیابی سے چلا رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی کی سینیٹ کے 11ویں اجلاس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین، پرو وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن اور رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق بھی موجود تھے ۔اسماعیل راہو نے ڈا ؤیونیورسٹی کے اساتذہ اور عملے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی میں صحت کی خدمات اور تعلیم دونوں کو یکساں ترجیح دی جاتی ہے۔
انہوں نے ڈا ؤیونیورسٹی کے مستحکم تعلیمی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ سندھ بھر کے طلبا ڈاؤ یونیورسٹی کو اپنی پہلی ترجیح سمجھتے ہیں ،ڈاؤ یونیورسٹی نے محنت اور لگن کے ساتھ ایسے قابل ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر ہیلتھ کیئر پروفیشنلز تیار کیے ہیں جو صوبے اور ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے یونیورسٹی کی سالانہ رپورٹ پیش کی، جس میں25-2024 کے دوران نمایاں کارکردگی اور تعلیمی ترقی کو اجاگر کیا گیا۔ڈا یونیورسٹی نے نئے تعلیمی پروگرامز متعارف کرائے جن میں ایم ایس مینجمنٹ سائنسز کے علاوہ میڈیکل ٹیکنالوجی میں ایم فل ،فارماسیوٹیکل کیمسٹری اورفزیکل تھراپی میں پی ایچ ڈی پی ایچ ڈی شامل ہیں۔